باجوڑ: فتنہ الخوارج کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 12دہشتگرد ہلاک،11 اہلکار شہید

February 17, 2026 · |

باجوڑ: سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم دہشتگردوں کے دھماکے میں 11 اہلکار شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 فروری کو فتنہ الخوارج نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق حملہ آور چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ اس کے بعد دہشتگردوں نے دھماکہ خیز گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں 11 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔

دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جس میں ایک لڑکی شہید اور سات افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ علاقے میں مزید خوارج کی تلاش جاری ہے اور سکیورٹی فورسز کی نگرانی جاری ہے۔