ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم ،ایرانی وفدمطمئن
جنیوا: ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق جوہری معاملے پر ایران اور امریکہ کے درمیان ’بالواسطہ‘ مذاکرات کا دوسرا دور جنیوا میں اختتام پذیر ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق ایرانی وفد مذاکرات کے مقام سے چلا گیا ہے۔اس دوران وہاں موجود صحافیوں کا کہنا ہے کہ امریکی وفد اس عمارت میں داخل نہیں ہوا جہاں عمان کے وزیر خارجہ اور ایرانی ٹیم موجود تھی۔
ایرانی وفد اقوام متحدہ میں عمانی سفیر کی رہائش گاہ پر موجود تھا۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد مذاکرات کے عمل سے مطمئن ہے اور اس کے جاری رہنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی پابندیاں ہٹانا اور غیر حقیقی مطالبات سے گریز کرنا مؤثر مذاکرات کو برقرار رکھنے کی کلید ہے۔
سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ایران کا مؤقف مثبت اور سنجیدہ ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران جنیوا میں خلوصِ نیت اور تعمیری تجاویز کے ساتھ موجود ہے۔