اماراتی صدر کہاں ہیں؟ غیر مصدقہ افواہوں نے ہلچل مچا دی

February 18, 2026 · امت خاص, بام دنیا

ترکی اور یونان کے سربراہان کے دورے ملتوی ہونے کے بعد اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی صحت سے متعلق غیر مصدقہ افواہیں گردش کرنے لگیں، تاہم اماراتی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا کہ وہ ابوظہبی کا اپنا طے شدہ دورہ ملتوی کر رہے ہیں۔ ان کی ٹیم کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ترک صدر نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی صحت سے متعلق مسئلے پر افسوس کا اظہار کیا اور جلد صحتیابی کی دعا کی۔

یہ بیان تین پیراگراف پر مشتمل تھا تاہم کچھ ہی دیر بعد اسے حذف کر دیا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں نے مزید زور پکڑ لیا۔ ترک سرکاری میڈیا نے بھی بعد ازاں اس خبر کو ہٹا دیا۔

چوبیس گھنٹوں سے بھی کم وقت میں یونان کے وزیراعظم کریاکوس میتسوتاکیس نے بھی متحدہ عرب امارات کا اپنا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا۔ یونانی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق انہوں نے اماراتی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور آئندہ ملاقات پر اتفاق کیا۔

اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات جاری کیں، تاہم بیان میں کسی بھی قسم کی علالت کا ذکر نہیں کیا گیا۔ بیان میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر گفتگو کو نمایاں کیا گیا۔

دوسری جانب اماراتی صدارتی ٹیم کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری تصاویر میں شیخ محمد بن زاید کو قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی کے ہمراہ مسکراتے اور بظاہر صحت مند دکھایا گیا۔

سوشل میڈیا پر بعض غیر مصدقہ دعوے بھی سامنے آئے جن میں اماراتی صدر کی شدید علالت حتیٰ کہ دماغی شریان میں لوتھڑا بننے سے انتقال کی افواہیں شامل تھیں، تاہم ان دعوؤں کی کسی بھی سرکاری ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی۔

ابوظہبی حکومت کی جانب سے صدر کی صحت سے متعلق نہ تو کسی بیماری کی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید، جبکہ سرکاری سطح پر معمول کے سفارتی روابط اور بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔