راولپنڈی میں جرگے کے دوران فائرنگ سے شہری اور اس کی 2بیویاں قتل
راولپنڈی میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لے لیا، ایس ایس پی آپریشنز،ایس ایس پی انویسٹی گیشن ،ایس پی پوٹھوہار پولیس نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچ گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تہرے قتل کی واردات گھریلو تنازع پر ہوئی۔
ہولناک واقعہ تھانہ نصیر آباد کے علاقے قاسم آباد بازار کے قریب پیش آیا جہاں گھر میں جرگے کے دوران فائرنگ سے دوخواتین اور ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کابتاناہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق رشتہ کے تنازع پر فائرنگ کرکے شہری اور اس کی دونوں بیویوں کو قتل کیا گیا، تاہم واقعہ کی تمام زاویوں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ،نعشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، ملوث ملزم یاملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں جب کہ سی پی او نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔