امریکا کا ایران کو آخری پیغام؟ ٹرمپ نے فوجی کارروائی کا اشارہ دے دیا

February 19, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے اشاروں کے بعد وائٹ ہاؤس نے تہران کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ معاہدہ کر لے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ایران کے لیے دانشمندی اسی میں ہے کہ وہ صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ معاہدہ کرے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان عمان کی ثالثی میں حالیہ دنوں میں بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع ہوئے ہیں۔ اس سے قبل مذاکرات اُس وقت تعطل کا شکار ہو گئے تھے جب اسرائیل نے گزشتہ سال ایران پر حملے کیے تھے، جس کے بعد 12 روزہ جنگ چھڑ گئی تھی۔

ادھر امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اس ہفتے کے آخر تک ایران پر ممکنہ حملے کے لیے تیار ہو سکتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کو مختلف فوجی آپشنز پر بریفنگ بھی دی جا چکی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ آئندہ مذاکرات کے لیے ایک فریم ورک تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنیوا میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں چند بنیادی اصولوں پر اتفاق ہوا ہے۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، لیکن وہ دباؤ قبول نہیں کرے گا۔

ادھر عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی سے بھی ایرانی وزیر خارجہ کا رابطہ ہوا ہے، جس میں جوہری پروگرام سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا دی ہے، جبکہ ایران نے بھی آبنائے ہرمز میں فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں۔

ایران پر امریکی حملے کے سنگین نتائج ہونگے، روس کا انتباہ

روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ ایران پر کسی بھی نئے امریکی حملے کے سنگین نتائج ہوں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے زیرِ کنٹرول ایرانی جوہری تنصیبات پر پہلے ہی حملے ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں عرب ممالک اور خلیجی ریاستیں کوئی بھی کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا، سب سمجھتے ہیں کہ یہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

پولینڈ کی اپنے شہریوں کو فوری ایران چھوڑنے کی ہدایت

پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پولینڈ کے وزیراعظم نے ایران میں موجود اپنے شہریووں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چند گھنٹوں بعد ایران سے پولش شہریوں کے انخلاء کا کوئی امکان باقی نہیں رہے گا۔

خبر ایجنسی کے مطابق یہ انتباہ سفارتی یا سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جاری کیا گیا ہے تاکہ پولینڈ کے شہری بروقت اپنی حفاظت کو یقینی بنا سکیں۔