پاکستان میں دہشت گردی کا جواب ۔ افغانستان کے اندر حملوں کے ذریعے خوارج کے 7 ٹھکانے تباہ

February 22, 2026 · اہم خبریں

 

افغانستان طالبان کی جانب سے دہشت گردی کے جواب میں پاکستان نے افغانستان میں مختلف مقامات پر خوارج کے 7ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ پاکستان میں حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں۔ دہشتگردوں نے حال ہی میں اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں کارروائیاں کیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کی ذمہ داری افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان، فتنہ الخوارج اور اس کے اتحادیوں نے قبول کی ہے۔

حکومتی بیان کے مطابق پاکستان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ یہ دہشت گرد کارروائیاں افغانستان میں موجود قیادت کی ہدایات پر کی گئیں۔

وزارت اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان نے متعدد بار افغان طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگرد تنظیموں اور پراکسی عناصر کے استعمال سے روکنے کے لیے قابلِ تصدیق اقدامات کرے، تاہم افغان عبوری حکومت اس سلسلے میں مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔

پاکستان نے اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جوابی کارروائی کرتے ہوئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے 7 کیمپس اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم پاکستانی عوام کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔

پاکستان نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

بیان میں عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ افغان طالبان حکومت پر زور دے کہ وہ دوحہ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے تاکہ خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی طرف سے فضائی کارروائیوں میں پکتیکا، ننگر ہار اور خوست کے دہشت گردی مراکز کو تباہ کن حملوں کا نشانہ بنایا گیا جن کے نتیجے میں متعدد خوارج ہلاک ہوئے ۔