پاکستان کی افغانستان میں کارروائی، دہشتگردوں کے 7 ٹھکانے تباہ کر دیے

February 22, 2026 · |
پاکستان کی افغانستان میں کارروائی، دہشتگردوں کے 7 ٹھکانے تباہ کر دیے

اسلام آباد: افغان سرزمین سے ہونے والی حالیہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے ردعمل میں پاکستان نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر افغانستان میں دہشتگردوں کے سات ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث پائے گئے۔ بیان کے مطابق اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں ہونے والی کارروائیوں کی ذمہ داری افغانستان میں موجود عناصر نے قبول کی۔

حکومتی مؤقف کے مطابق پاکستان کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کارروائیاں افغانستان میں موجود قیادت کی ہدایات پر کی گئیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے متعدد بار افغان طالبان کی عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگرد تنظیموں اور پراکسی گروہوں کے استعمال سے روکنے کے لیے مؤثر اور قابلِ تصدیق اقدامات کرے، تاہم مطلوبہ پیش رفت نہ ہوسکی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے سات کیمپس اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ حکام کے مطابق پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

حکومت نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ دوحہ معاہدے کے تحت ذمہ داریوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے افغان حکام پر دباؤ ڈالے تاکہ خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دیا جا سکے۔