مریم نواز نے سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز 3 کی قرعہ اندازی کا آغاز کر دیا

February 22, 2026 · قومی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز 3 کی قرعہ اندازی کا آغاز کر دیا۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب کے کسانوں کے لیے 31 ہزار ٹریکٹر فراہم کیے جائیں گے، جبکہ پچھلے 25 سالوں میں صرف 20 ہزار ٹریکٹر دیے گئے تھے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے قرعہ اندازی میں کامیاب کسانوں کو مبارکباد دی اور خوش نصیب کاشتکاروں سے فون پر بات بھی کی۔ بہاولپور کے حمزہ لیاقت سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “قرعہ اندازی میں آپ کا ٹریکٹر نکل آیا، مبارک ہو۔”

صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے بتایا کہ فیز 3 کے لیے 4 لاکھ 27 ہزار پانچ ایکڑ کے مالک کاشتکاروں نے درخواستیں دی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے دو فیز کے دوران 21 ہزار ٹریکٹر دیے جا چکے ہیں اور موجودہ فیز میں 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹر فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گرین ٹریکٹر سکیم نے پنجاب کی زرعی معیشت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور ٹریکٹر کی فراہمی سے زرعی لینڈ سکیپ بہتر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ہمیشہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود پر توجہ دیتی رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ ٹریکٹر کی قیمتوں میں گزشتہ پانچ سالوں میں دگنا اضافہ ہوا، جس کے باعث چھوٹے اور درمیانے کسانوں کے لیے مکمل قیمت پر ٹریکٹر خریدنا مشکل ہو گیا تھا، اور اس سکیم سے انہیں بڑی سہولت فراہم ہوگی۔