لندن: مسجد کے باہر چاقو حملے میں جاں بحق پاکستانی نوجوان کی شناخت
لندن : برطانوی شہر برمنگھم میں مسجد کے باہر ہونے والے ہولناک چاقو حملے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی نژاد برطانوی نوجوان کی شناخت ہو گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برمنگھم پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد کے باہر حملے میں جاں بحق نوجوان کی شناخت 18 سالہ ذیشان افضل کے نام سے ہوئی ہے۔
18 سالہ ذیشان افضل برمنگھم کے نواحی علاقے کا رہائشی تھا اور تراویح ادا کرنے مسجد پہنچا تھا کہ پارکنگ میں چاقو بردار شخص نے حملہ کردیا۔
حملے میں ذیشان افضل موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ دیگر 3 نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
زخمی ہونے والے نوجوانوں کی عمریں بھی 19 سے 22 سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔ جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال اس واقعے کو نسلی یا مذہبی بنیاد پر حملہ قرار دینے کے شواہد نہیں ملے تاہم تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
ملزم تاحال فرار ہے۔ پولیس نے مقامی رہائشیوں اور عینی شاہدین سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس واقعے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو پولیس سے رابطہ کریں۔