زخمی اہلکاروں کو لے جانے والی ایمبولینس پر فتنۃ الخوارج کا حملہ، آگ لگا کر زندہ جلا دیا
کرک کے علاقے قلعہ شہیدان میں فتنۃ الخوارج نے فیڈرل کانسٹیبلری کے زخمی اہلکاروں کو لے جانے والی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس پر حملہ کر کے ایک ایمبولینس کو آگ لگا دی۔ اس واقعے میں زخمی اہلکاروں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
آگ میں شہید ہونے والے اہلکار فیڈرل کانسٹیبلری کے سپاہی مراد گل، سپاہی ایان خان اور لانس نائیک عادل خان تھے، جو خیبر پختونخوا کے مقامی رہائشی تھے۔ دوسری ایمبولینس زخمیوں کو بحفاظت ہسپتال منتقل کرنے میں کامیاب رہی۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو بنوں اور کرک کے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ آگ میں ایمبولینس کا ڈرائیور اور ایک ریسکیو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ یہ بربریت عوام میں خوف پھیلانے کے لیے کی گئی اور ایسے حملے اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔