عمران خان پر رجسٹرار سپریم کورٹ کا پی ٹی آئی کو مشورہ؟ بڑا دعویٰ

February 24, 2026 · اہم خبریں, قومی
عمران خان پر رجسٹرار سپریم کورٹ کا پی ٹی آئی کو مشورہ؟ بڑا دعویٰ

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان بیمار ہیں تو ان کے اہل خانہ کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے اور ان کی مرضی کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق فیملی کا مطالبہ سادہ ہے کہ عمران خان کا علاج شفا انٹرنیشنل اسپتال میں ان کے ذاتی معالجین کے ذریعے کرایا جائے اور علاج کے دوران ایک فیملی ممبر کو ان کے ساتھ رہنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں کا جو شیڈول طے ہوا تھا اس پر ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود عملدرآمد نہیں ہوا، جس پر عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج انہوں نے اور علی محمد خان نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کی، جہاں انہیں مشورہ دیا گیا کہ کیس کی جلد سماعت کے لیے ایک اور درخواست دائر کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وکیل خواجہ حارث (کھوسہ صاحب) اس کیس کی پیروی کر رہے ہیں اور جلد مزید درخواست دائر کی جائے گی۔

بیرسٹر گوہر نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ آئین اور قانون کے مطابق کیسز مقرر کیے جائیں، عمران خان کی ملاقاتیں بحال کی جائیں اور علاج کے حوالے سے فیملی اور پارٹی کا مطالبہ منظور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت کا مسئلہ صرف پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے۔ ان کے بقول، “خان صاحب پاکستانی سیاست کے مین آف دی میچ ہیں، انہیں جیل میں رکھ کر سیاست ختم نہیں کی جا سکتی۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ رات عمران خان کو چیک اپ کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اس بارے میں نہ فیملی کو آگاہ کیا گیا اور نہ ہی پارٹی قیادت کو اطلاع دی گئی۔ بعد ازاں بتایا گیا کہ طبی معائنے کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔