کرسٹیانو رونالڈو کی اسکول بسوں والی ویڈیوز: اے آئی (AI) کا دھوکہ یا حقیقت؟
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان ویڈیوز نے دنیا بھر میں دھوم مچا رکھی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے نئے نجی جیٹ کے بجائے پرتگال کے دیہاتوں کے لیے 100 اسکول بسیں خرید لی ہیں۔ تاہم، تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ خبر مکمل طور پر من گھڑت ہے۔
رونالڈو کے جس انٹرویو کا حوالہ دے کر یہ جذباتی کہانی سنائی جا رہی ہے، وہ حقیقت میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے ذریعے تیار کردہ ایک ڈیپ فیک (Deepfake) ویڈیو ہے۔ ماہرین کے مطابق رونالڈو کی آواز اور حرکات و سکنات کو اے آئی ٹولز کے ذریعے اس طرح بدلا گیا ہے کہ وہ اصلی معلوم ہوتی ہیں،جبکہ حقیقت میں ایسا کوئی انٹرویو کسی مستند عالمی میڈیا ادارے پر موجود نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ جھوٹا دعویٰ کیا گیا کہ رونالڈو نے طیارہ نہیں خریدا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ رونالڈو دنیا کے مہنگے ترین نجی طیاروں کے مالک ہیں۔ ان کے پاس گلف اسٹریم G650 جیسا عالیشان طیارہ موجود ہے، جسے وہ اپنے خاندان کے ساتھ سفر کے لیے کثرت سے استعمال کرتے ہیں۔
رونالڈو کی یہ ویڈیو ستمبر 2025 میں سامنے آئی تھی۔ تاہم اب یہ پاکستان میں ایک بار پھر وائرل ہوئی ہے۔ جس کا سبب پاکستانی سیاست میں ایک
“گلف اسٹریم” طیارے کا تذکرہ ہے۔
حکومتِ پنجاب کی جانب سے نئے گلف اسٹریم طیارے کی خریداری کی خبریں اور اس پرہونے والے اخراجات عوامی بحث اور اپوزیشن کی تنقید کا مرکز ہیں۔