پاکستان کے سر جڑے بچے آپریشن کیلیے سعودی عرب پہنچ گئے
ریاض: پاکستان سے تعلق رکھنے والے جڑواں بچے سفیان اور یوسف پیر کے روز سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں ان کے سروں کو علیحدہ کرنے کے لیے سرجری کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد بچوں اور ان کے والدین کو فوری طور پر شاہ عبداللہ اسپیشلائزڈ چلڈرن ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یہ ہسپتال سعودی وزارتِ نیشنل گارڈ ہیلتھ افیئرز کے زیرِ انتظام کام کرتا ہے،جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم بچوں کی طبی حالت کا تفصیلی معائنہ کرے گی۔
ان بچوں کو خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر علاج کے لیے سعودی عرب لایا گیا ہے۔ جڑواں بچوں کے والدین نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور ان کی فوری مدد اور گرمجوشی سے استقبال کو سراہا ہے۔
سعودی کنجوائنڈ ٹوئنز پروگرام’ کی طبی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے اس انسانی ہمدردی کے اقدام پر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اپنی مہارت کی بدولت اس پیچیدہ شعبے میں دنیا بھر کے خاندانوں کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کا یہ پروگرام اب تک درجنوں ممالک سے تعلق رکھنے والے جڑواں بچوں کے کامیاب آپریشن کر چکا ہے،جس کی بدولت اسے عالمی سطح پر ایک منفرد مقام حاصل ہے۔