اسلام آباد ،راولپنڈی سمیت خیبر پختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے
اسلام آباد/پشاور : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، سوات اور چترال سمیت ملک کے شمالی و بالائی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلے کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کی بلند و بالا عمارات میں زلزلے کے باعث لفٹیں بند کر دی گئیں اور لوگ سیڑھیوں کے ذریعے نیچے اترے۔ بازاروں اور تجارتی مراکز میں بھی افراتفری دیکھنے میں آئی۔
پشاور، مردان، نوشہرہ اور صوابی۔ مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ اور باجوڑ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسو کیے گئے۔
ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ زمین میں زلزلے کی گہرائی تقریباً 73 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔