بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، بھارت پاکستان مخالف پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے، اسرائیلی اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔
ترجمان نے بریفنگ میں بتایا کہ وزیرِاعظم نے 23 تا 24 فروری کو قطر کا دورہ کیا جو امیر قطر کی دعوت پر تھا۔ ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر قطر کے وزیر دفاع اور وزیر مملکت نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس وقت سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں وہ جدہ میں منعقد ہونے والے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیرمعمولی وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ 26 فروری کو ہونے والے اس ہنگامی اجلاس میں اسرائیلی حکام کے حالیہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار اجلاس میں مقبوضہ مغربی کنارے سے متعلق اقدامات پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ اس ماہ سمجھوتا ایکسپریس حملے کی 19ویں برسی بھی منائی جا رہی ہے، جس میں 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں نامزد ملزمان کو تاحال انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جا سکا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔