کوئٹہ: سوراب میں پولیس بکتربند گاڑی کے قریب دھماکہ ، 1 اہلکار شہید
کوئٹہ: سوراب میں دہشت گردی کی ایک افسوسناک کارروائی میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس کی بکتر بند گاڑی سوراب کے قریبی علاقے سے گزر رہی تھی۔ دہشت گردوں نے شاہراہ پر واقع ایک پُل کے نیچے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا، جسے گاڑی کے قریب پہنچتے ہی اڑا دیا گیا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
دھماکے کی زد میں آکر ایک اہلکار شہید ہو گیا ہے، جس کی میت کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فرانزک ٹیموں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ دھماکے میں استعمال ہونے والے مواد کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔