مسجد سے اغوا کے بعد شہید دو پولیس اہلکار بھائیوں کی نماز جنازہ ادا
بنوں: گزشتہ شب نمازِ تراویح کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے سوکڑی حسن خیل کی مسجد میں گھس کر دو پولیس اہلکاروں سمیت تین بھائیوں کو اغوا کر لیا۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کے مطابق مسلح افراد نے مسجد اور نمازِ تراویح کی حرمت پامال کرتے ہوئے دو اہلکار بھائیوں کو بے دردی سے شہید کر دیا جبکہ ان کا تیسرا بھائی، جو کمشنر آفس میں کلرک تعینات ہے، تاحال ان کے قبضے میں ہے۔
ڈی پی او یاسر آفریدی نے کہا کہ دہشت گردوں کو نہ ماہِ مقدس رمضان کا احترام رہا، نہ مسجد کی حرمت کا خیال اور نہ ہی نمازِ تراویح کے تقدس کا پاس۔ شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان، ڈپٹی کمشنر فہیم اللہ، اسسٹنٹ کمشنر اللہ نواز، ایس پی انوسٹی گیشن ساجد ممتاز، ایس پی سٹی توحید خان، ایس پی ٹریفک احسان الدین سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
افسران نے شہدا کی جسدِ خاکی پر پھول چڑھائے اور درجات کی بلندی و مغفرت کے لیے دعائیں کیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سجاد خان نے کہا کہ معصوم شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی اور انسانیت دشمنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں اس قسم کی کارروائی کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بنوں ریجن پولیس شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ ڈی آئی جی کے مطابق سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں اور بھرپور جواب کے بعد مسلح افراد اب آسان اہداف کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کر رہے ہیں۔