پاک افغان سرحد پر کھڑے پاک فوج کے جوان مادر وطن کے تحفظ کیلیے پرعزم

February 26, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

اسلام آباد: باجوڑ باڈر پر کھڑے پاک فوج کے جوان کا کہنا ہے کہ رات کو افغان سرحد کی جانب سے فائرنگ کی گئی اور یہ دوبارہ دہرائی گئی،افغان طالبان کو اندازہ نہیں کہ انہوں نے کس قوم کو للکارا ہے۔

فوجی جوانوں کا کہنا ہے کہ حالیہ اشتعال انگیزی کے بعد کی جانے والی جوابی کارروائی میں دہشت گردوں، بالخصوص افغان طالبان کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج نے ثابت کر دیا ہے کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کی نرسریوں کا جڑ سے خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔

بھارت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فوجی جوانوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر کوئی بھارت کے کہنے پر پاکستان سے پنگا لے گا تو اسے یہ پنگا بہت مہنگا پڑے گا۔ ہم کسی کے دباؤ میں آنے والے نہیں اور نہ ہی ہماری قوم کسی سے ڈرتی ہے۔

پاک فوج کے جوانوں نے ملک دشمن عناصر اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں دشمن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔