طالبان حکومت ناجائز، غیر قانونی اور خلاف اسلام ہے ،عطااللہ تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت ناجائز، غیر قانونی اور خلاف اسلام ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے اقدامات پر عالمی سطح پر تشویش بڑھتی جا رہی ہے جو بین الاقوامی اور اسلامی قوانین کی بھی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق افغانستان میں دہشتگردوں کو تربیت دی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس رجیم سے افغانستان میں خواتین، بچے اور اقلیتیں بھی محفوظ نہیں۔
ان کے مطابق افغان رجیم کی کابینہ میں کوئی خاتون شامل نہیں ہے اور ملک میں لڑکیوں کو 13 برس کے بعد تعلیم حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ طالبان خواتین کو ان کا بنیادی حقِ تعلیم اور نمائندگی دینے سے انکار کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق اس نظام میں غلامی کی جھلک موجود ہے جو اسلام کی تعلیمات کے خلاف ہے۔ عطا تارڑ کے مطابق ایسی خبریں سامنے آئی ہیں کہ وہاں عدالتوں میں بھی حیثیت دیکھ کر سزائیں دی جاتی ہیں۔
انھوں نے کہاکہ طالبان امن پر یقین نہیں رکھتے اور ان کی پالیسیاں خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں۔