لائیو ایران میں 40 شہید- دبئی ایئرپورٹ پر پروازیں معطل- قطر میں دھماکے

ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے بعد کی صورت حال کی تازہ ترین تفصیلات

               
February 28, 2026 · Live

اہم نکات
ایران پر امریکہ اور اسرائیل نے مل کر حملہ کر دیا ہے۔ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ان کا کمپاؤنڈ بھی نشانہ بنایا۔ اسرائیلی حکام نے حملے میں متعدد ایرانی عہدیدار مارے جانے کا دعوی کیا ہے۔ جس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ تاہم حملے میں کئی ایرانی شہید ہوگئے ہیں۔

اسرائیل نے تہران کے مہرآباد ائیرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ اصفہان، قم، کرج، کرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں بھی دھماکے ہوئے۔

ان حملوں کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی شروع کردی ہے۔ خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر میزائل داغے جا رہے ہیں۔

 

[17:43 PKT]
جارحیت کرنے والوں کو سبق سکھائیں گے، ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج جارح قوتوں کو کو وہ سبق سکھائیں گی جس کے وہ مستحق ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ نیتن یاہو اور ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ مکمل طور پر بلااشتعال، غیر قانونی اور ناجائز ہے۔

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے “امریکہ فرسٹ” کو “اسرائیل فرسٹ” میں بدل دیا ہے، جس کا مطلب ہمیشہ “امریکہ لاسٹ” ہوتا ہے۔ بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کی طاقتور مسلح افواج اس دن کے لیے تیار تھیں اور وہ جارح ممالک کو ان کے اقدام کا بھرپور جواب دیں گی۔

[17:37 PKT]
قطر میں میزائل گرنے کے مناظر
[17:29 PKT]
دبئی ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل، قطر میں دھماکوں کا سلسلہ جاری

دبئی ایئرپورٹ نے تمام پروازوں کی آمد و رفت اگلے حکم تک معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ قطر کے دارالحکومت میں وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق Dubai International Airport پر فلائٹ آپریشنز کو غیر معینہ مدت تک روک دیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔

دوسری جانب Doha میں وقتاً فوقتاً زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں کیونکہ قطری فضائی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ یہ تازہ دھماکے اس وقت سامنے آئے جب قطر اور دیگر خلیجی ریاستوں کی جانب متعدد میزائل داغے گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق دارالحکومت کے مضافاتی رہائشی علاقے میں تباہ کیے گئے ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ حکام کی جانب سے کسی جانی نقصان کی فوری تصدیق نہیں کی گئی۔

[17:24 PKT]
ایران میں کہاں کہاں حملے ہوئے، ابتدائی تفصیلات

عرب ٹی وی کے مطابق کم ازکم 13 شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایران پر اسرائیل اور امریکہ کا حملہ شروع ہونے کے بعد تہران سمیت متعدد شہروں میں زور دار دھماکے ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق تہران میں رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے دفتر اور صدارتی دفتر کو نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح کرمانشاہ، قم، اصفہان، تبریز، کرج اور جنوبی علاقے کنارک میں ایرانی بحریہ کی تنصیبات سمیت متعدد فوجی مقامات پر حملوں کی اطلاعات ہیں۔ کرد علاقے کے ایک چھوٹے شہر کامیاران سے موصولہ ویڈیو میں مبینہ طور پر پاسدارانِ انقلاب کے ایک اڈے کو بمباری کا نشانہ بنتے دکھایا گیا ہے۔ اسرائیلی دفاعی افواج نے ایرانی شہریوں کو… مزید پڑھیں
[17:10 PKT]
ایران میں پاکستانی شہریوں کو سفری دستاویزات ساتھ رکھنے کی ہدایت

مزید پاکستانیوں کو ایران کے سفر سے روک دیا گیا۔

ایران پر حملے کے بعد پاکستانی دفتر خارجہ نے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حفاظت اور سیکیورٹی کے پیش نظر پاکستانی شہری ایران کے سفر سے گریز کریں۔ ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایران میں موجود پاکستانی محتاط رہیں، غیر ضروری نقل و حرکت محدود کریں اور پاکستانی سفارتی مشنز سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ مزید معلومات یا ہنگامی صورت میں قریبی پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب ایران میں پاکستانی سفیر نے وہاں مقیم پاکستانیوں کو اپنی سفری دستاویزات ساتھ… مزید پڑھیں
[بریکنگ | 17:04 PKT]
ایران میں اسکول پر اسرائیلی حملہ، اموات 40 تک پہنچ گئیں

جنوبی ایران کے صوبہ ہرمزگان کے شہر میناب میں گرلز ایلیمنٹری اسکول پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں اموات کی تعداد بڑھ کر 40 ہوگئی ہے۔

اس سے قبل رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ حملے میں 24 افراد جان سے گئے تھے، تاہم سرکاری خبر ایجنسی ارنا (آئی آر این اے) کے مطابق اموات کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حملہ میناب میں واقع طالبات کے ایک پرائمری اسکول پر کیا گیا تھا۔

حملے کے بعد کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں چیخ و پکار دیکھی جا سکتی ہے۔

[بریکنگ | 16:38 PKT]
امریکا کا ایران پر فضائی اور بحری حملے جاری رکھنے کا اعلان

ایک امریکی اہلکار نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف فضا اور سمندر سے “وسیع” حملے جاری رکھے گا۔

عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کو دیے گئے بیان میں اہلکار کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کا مقصد ایرانی سیکیورٹی ڈھانچے کو کمزور کرنا ہے اور یہ حملے فی الحال ایران کے اندر موجود اہداف تک محدود ہیں۔

اہلکار نے تصدیق کی کہ امریکی فضائیہ ان حملوں میں حصہ لے رہی ہے اور اس سلسلے میں اسرائیلی فوج کے ساتھ قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھی جا رہی ہے

[16:37 PKT]
آیت اللہ خامنہ کے کمپاؤنڈ میں تباہی کی تصویر

عرب ٹی وی الجزیرہ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے کمپاؤنڈ پراسرائیلی میزائل حملے کے بعد ہونےو الی تباہی کے مناظر نشر کیے ہیں۔

حملے میں خامنہ ای محفوظ رہے۔ وہ پہلے ہی محفوظ مقام پرمنتقل ہوچکے تھے۔

[16:26 PKT]
اسرائیلی حملے میں ایران کی 24 طالبات شہید

جنوبی ایران کے صوبہ ہرمزگان کے شہر میناب میں طالبات کے ایک پرائمری اسکول پر اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والی طالبات کی تعداد بڑھ کر 24 ہوگئی ہے۔

اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ حملے میں پانچ افراد جان سے گئے تھے، تاہم ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حملہ میناب میں واقع ایک گرلز ایلیمنٹری اسکول کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ حکام کی جانب سے مزید تفصیلات اور زخمیوں کی حالت سے متعلق معلومات کا انتظار ہے۔

[16:22 PKT]
روس کا امریکا اور اسرائیل سے ایران پر حملے فوری روکنے کا مطالبہ

روس نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال کو سیاسی اور سفارتی حل کی جانب واپس لایا جائے۔

روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ ان اقدامات کا غیرجانبدارانہ جائزہ لے جنہیں ماسکو نے غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں قرار دیا ہے، اور خبردار کیا کہ یہ اقدامات خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کر سکتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ روس پہلے کی طرح اب بھی اس بات کے لیے تیار ہے کہ بین الاقوامی قانون، باہمی احترام اور مفادات کے توازن کی بنیاد پر پرامن حل تلاش کرنے کی کوششوں میں تعاون فراہم کرے۔

[16:16 PKT]
خطے میں کن فضائی کمپنیوں نے پروازیں منسوخ کی ہیں

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث دنیا کی متعدد بڑی ایئرلائنز نے متعلقہ ممالک کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

منسوخی کا اعلان کرنے والی فضائی کمپنیوں میں ایئر فرانس، ایئر انڈیا، برٹش ایئرویز، آئبیریا ایکسپریس، انڈیگو، جاپان ایئرلائنز، لاٹ ایئرلائنز، لفتھانزا، نارویجن ایئر، ترکیش ایئرلائنز، ورجن اٹلانٹک، قطر ایئرویز، ایئر الجزائر، اسکینڈینیوین ایئرلائنز اور وِز ایئر شامل ہیں۔

ایئرلائنز کی جانب سے جاری بیانات میں مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال کے لیے متعلقہ ایئرلائن کی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں، جبکہ منسوخ شدہ پروازوں کے مسافروں کو متبادل انتظامات یا ریفنڈ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

[15:58 PKT] ایران پر حملے کواسرائیل اور امریکہ نے الگ الگ نام دیا

اسرائیل نے ایران کے خلاف اپنے اس آپریشن کو ’’لائنز رور‘‘(Lion’s Roar – شیر کی دھاڑ) کا نام دیا ہے، واشنگٹن نے اس مہم کا نام’’ایپک فیوری‘‘Epic Fury – رزمیہ غصہ) رکھا ہے۔

ایک اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل ایران کے ساتھ کئی دنوں کے تصادم کی تیاری کر رہا تھا۔

[بریکنگ | 15:56 PKT] ایرانی اسٹیبلشمنٹ کے کئی اہم افراد ہلاک ہوچکے ہیں، اسرائیل

اسرائیلی میڈیانے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں میں ایرانی اسٹیبلشمنٹ کے کئی اہم افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ایک اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ ان حملوں میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر مسعود پزیشکیان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ عہدیدار کے مطابق، حکومت کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں اور فوجی کمانڈروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم ان حملوں کے نتائج ابھی واضح نہیں۔

ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس مہم کے اہداف میں ایران کی فوج، حکومتی علامات اور انٹیلی جنس مراکز بھی شامل تھے۔ ایرانی مقتدرہ کے قریبی ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ ان حملوں میں پاسدارانِ انقلاب کے کئی سینئر کمانڈر اور سیاسی عہدیدار ہلاک ہو چکے ہیں۔

[15:48 PKT]ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کا اسرائیل کے خلاف ڈرون اور میزائل حملوں کا اعلان

یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی گروپ نے اسرائیل کے خلاف ڈرون اور میزائل حملے شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حوثی تنظیم کے دو سینیئر عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اعلیٰ قیادت کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم پہلا حملہ آج رات کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر حملے کیے گئے تو بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی متاثر ہو سکتی ہے۔ یہ سمندری راستہ عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے اور ماضی میں بھی اس علاقے میں حملوں کے باعث متعدد تجارتی جہازوں کو اپنا راستہ تبدیل کرنا پڑا تھا۔

حوثی گروپ، جسے عام طور پر انصار اللہ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس سے قبل امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت بحیرہ احمر میں حملے روک چکا تھا۔

تازہ پیش رفت کے بعد خطے میں سکیورٹی صورتِ حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ عالمی تجارتی و سفارتی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

[15:48 PKT]دوحہ میں نئے دھماکوں کی آوازیں۔ خلیجی ملکوں پر ایرانی حملوں کی سعودی مذمت

دوحہ میں نئے دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ یہ دھماکے اس وقت ہوئے جب کچھ ہی دیر پہلے قطر کی وزارتِ دفاع نے کہا تھا کہ اس نے حملوں کی دوسری لہر میں ملک کو نشانہ بنانے والے تمام میزائلوں کو مار گرایا ہے۔

دوسری جانب، سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، اردن اور کویت پر ایرانی حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سعودی عرب نے ریاستی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کے اصولوںکی مسلسل خلاف ورزی پر خوفناک نتائج سے بھی خبردار کیا ہے۔

[15:43 PKT]دفاعی نظام ناقابلِ تسخیرنہیں،اسرائیل ۔عوام کو ہوم فرنٹ کمانڈکی ہدایات پر عمل کی ہدایت

اسرائیلی فوج نے کہاہے کہ ایران سے داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کے بعد تھوڑی دیر پہلےملک کے کئی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔

ٹیلی گرام پر جاری فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت، اسرائیلی فضائیہ خطرے کو دور کرنے کے لیے جہاں ضروری ہو، وہاں خطرات کو روکنے (انٹرسیپٹ کرنے) اور ان پر حملہ کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ دفاعی نظام مکمل طور پر ناقابلِ تسخیرنہیں ، اس لیے یہ ضروری ہے کہ عوام ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر عمل درآمد جاری رکھیں۔ عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر عمل کرنا جاری رکھیں۔

[15:40 PKT] ایران کے خلاف کارروائی پرامریکی صدر کےخطاب کی تفصیل سامنے آگئی ہے
ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی دھمکی آمیز سرگرمیاں براہِ راست ریاستہائے متحدہ، ہماری افواج، بیرونِ ملک ہمارے اڈوں اور پوری دنیا میں ہمارے اتحادیوں کو خطرے میں ڈالتی ہیں۔ہمارا مقصد ایرانی حکومت جو کہ انتہائی سخت اور خوفناک لوگوں کا ایک سفاک گروہ ہےکی جانب سے درپیش فوری خطرات کو ختم کر کے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے
  امریکی فوج نے ایران میں بڑے پیمانے پر جنگی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ہمارا مقصد ایرانی حکومت جو کہ انتہائی سخت اور خوفناک لوگوں کا ایک سفاک گروہ ہےکی جانب سے درپیش فوری خطرات کو ختم کر کے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے۔   اس کی دھمکی آمیز سرگرمیاں براہِ راست ریاستہائے متحدہ، ہماری افواج، بیرونِ ملک ہمارے اڈوں اور پوری دنیا میں ہمارے اتحادیوں کو خطرے میں ڈالتی ہیں۔ 47 سال سے ایرانی حکومت امریکہ مردہ بادکے نعرے لگا رہی ہے اور اس نے امریکہ، ہماری افواج اور بہت سے ممالک کے معصوم لوگوں کو نشانہ… مزید پڑھیں
[بریکنگ | 15:37 PKT] جنوبی ایران میں لڑکیوں کے سکول پراسرائیلی حملے سے 5 طالبات جاں بحق

 

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا (IRNA) کے مطابق، جنوبی ایران کے صوبہ ہرمزگان کے شہر میناب میں ایک اسرائیلی حملے نے لڑکیوں کے ایک پرائمری اسکول کو نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حملے میں پانچ طالبات جاں بحق ہو گئی ہیں، تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
[بریکنگ | 15:34 PKT] خامنائی کوبھی نشانہ بنانے کا اسرائیلی دعویٰ

ایک اسرائیلی عہدیدار کے مطابق ایران پر اسرائیلی حملوں میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی اور صدر مسعود پزیشکیان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔عہدیدار کے مطابق، حکومت کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں اور فوجی کمانڈروں کو بھی ان حملوں کا نشانہ بنایا گیا تاہم، ان حملوں کے نتائج فی الحال واضح نہیں۔

ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی تھی کہ صدر پزیشکیان مکمل طور پر خیریت سے ہیں۔

اسرائیل کے چینل 12 نےذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل کے اندازے کے مطابق، اب تک ایران پر کیے گئے حملوں نے ایرانی قیادت کو ختم کرنے کے ہدف میںانتہائی بلند کامیابی حاصل کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اندازہ سینئر کمانڈروں اور ایرانی صدر مسعود پزیشکیان سے متعلق ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ [ایران کے سپریم لیڈر علی] خامنہ ای کسی ڈرامائی واقعے (یعنی کسی بڑے جانی نقصان) سے نہیں گزرے۔

[15:29 PKT] ایرانی میزائل کے ملبے کی زدمیں آکر 9منزلہ اسرائیلی عمارت کو نقصان

اسرائیلی چینل 12 براڈکاسٹر کے مطابق، ایرانی میزائلوں کو فضا میں روکنے (انٹرسیپٹ کرنے) کے بعد ان کے ملبے کی زد میں آکر شمالی اسرائیل میں ایک نو منزلہ عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک شخص انٹرسیپٹر میزائلوں کے ٹکڑے (شراپنل) لگنے سے معمولی زخمی ہوا ہے۔

مزید برآں، عمارت کے ایک اپارٹمنٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

[بریکنگ | 14:53 PKT] خلیجی خطے میں امریکی ائربیسزپر ایران کے حملے

ایران نے خلیجی خطے میں امریکی ائربیسزکونشانہ بنایاہے۔فارس (Fars) نیوز ایجنسی کے مطابق العدید ایئر بیس، قطر،السالم ایئر بیس کویت،الظفرہ ایئر بیس، متحدہ عرب امارات،بحرین میںامریکہ کا پانچواں بحری بیڑے پر حملہ کیا گیاہے۔

خبر رساں ادارہ اے ایف پی سعودی شہر ریاض میں بھی دھماکوں کی اطلاع دے رہا ہے۔

دبئی اور ابوظہبی میں متعدد دھماکوں کی رپورٹیں موصول ہو رہی ہیں۔یہ ابوظہبی پر ہونے والے اس سے پہلے کے حملے کے علاوہ ہے، جس کے بعد وہاں کی فضائی حدودپہلے ہی بند کر دی گئی ہے۔

[14:52 PKT] ایران نے خطے میں امریکی اڈوں پر حملوں کی تصدیق کردی

ایرانی حکام نے خلیجی خطے میں مخصوص فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران نے قطر میں واقع Al-Udeid Air Base، کویت میں Al-Salem Air Base، متحدہ عرب امارات میں Al-Dhafra Air Base اور بحرین میں قائم امریکی پانچویں اڈے Naval Support Activity Bahrain کو نشانہ بنایا ہے۔

رپورٹس میں ان کارروائیوں کی نوعیت یا ممکنہ نقصانات کی تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں، تاہم ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملے مخصوص اہداف کے خلاف کیے گئے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

[14:38 PKT] ایران کے خلاف طاقت استعمال کرنے پر ٹرمپ کی 13 سال پرانی ٹویٹ وائرل

ایران کے حوالے سے ٹرمپ کی 13سال پرانی ٹویٹ وائرل ہورہی ہے۔ اس میں انہوں نے لکھاتھا’’یاد رکھیں کہ میں نے بہت عرصہ پہلے یہ پیش گوئی کی تھی کہ صدر اوباما اپنی صحیح طریقے سے مذاکرات کرنے کی نااہلی کی وجہ سے ایران پر حملہ کر دیں گے،،وہ اس میں ماہر نہیں !‘‘

یہ ٹویٹ انہوں نے 11نومبر 2013 کوکی تھی، جب وہ صدر نہیں بلکہ ایک عام شہری اور بزنس مین تھے۔اس وقت ٹرمپ صدر اوباما کی خارجہ پالیسی کے سخت ناقد تھے۔

نومبر 2011 میں ٹرمپ نے ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ باراک اوباما دوبارہ انتخاب جیتنے کے لیے ایران کے ساتھ جنگ شروع کر دیں گے تاکہ ان کی مقبولیت میں اضافہ ہو سکے۔ٹرمپ نے اوباما کو کمزورقرار دیا اور کہا کہ چونکہ اوباما مذاکرات کا ہنر نہیں جانتے، اس لیے وہ اپنی ساکھ بچانے کے لیے فوجی طاقت کا سہارا لیں گے۔

>

[بریکنگ | 14:32 PKT] مشرقِ وسطیٰ کے 5ملکوں میں دھماکوں کی اطلاعات

ابوظہبی، متحدہ عرب امارات،منامہ، بحرین،کویت اورقطر میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

غیرملکی میڈیاکے مطابق ،ایران پر امریکہ،سرائیل اتحاد کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے نتیجے میں ان ممالک میں دھماکے سنے گئے ہیں۔
قطر کی وزارتِ دفاع نے دارالحکومت کے اوپر ایرانی میزائل گرانے کی تصدیق کی ہے، بحرین میں امریکی بحری بیڑے (5th Fleet) کے ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکے ہوئے ہیں۔
ا ان تمام ممالک نے اپنی فضائی حدودعارضی طور پر بند کر دی ہیں۔

[بریکنگ | 14:19 PKT] ایران کے داغے گئے میزائل شمالی اسرائیل تک پہنچ گئے
ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل اسرائیل کے شمالی علاقے گلیلی تک پہنچ گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں عمارتوں سے دھواں اٹھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
[14:19 PKT] قومی سلامتی اور ملک کے اتحاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔لبنانی وزیراعظم
ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے حزب اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کو کسی بھی مہم جوئی میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ قومی سلامتی اور ملک کے اتحاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
[14:07 PKT] ایران نے بھی میزائل داغ دیے
امریکہ اور اسرائیل کو ایران نے جواب دینا شروع کردیا ہے۔
امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے جوابی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اسرائیلی دفاعی فورس (آئی ڈی ایف) نے اعلان کیا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف میزائل داغے گئے ہیں جس کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں سائرن بجائے گئے۔ آئی ڈی ایف کے مطابق اسرائیلی فضائیہ خطرات کو روکنے اور ضرورت کے مطابق نشانہ بنانے کے لیے کارروائی کر رہی ہے تاکہ فوری خطرہ ختم کیا جا سکے۔ عوام سے دوبارہ تاکید کی گئی ہے کہ وہ ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر عمل کریں۔ ایرانی حملے کے بعد اسرائیل نے شہریوں… مزید پڑھیں