ایران کی کشیدہ صورتحال،وزیراعظم کا دورہ روس مؤخر
وزیراعظم نے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر فوری غور کے لیے ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے
ایران میں حالیہ پیش رفت کے بعد پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا مجوزہ دورۂ روس مؤخر کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بھی ماسکو جانا تھا، تاہم خطے میں بدلتے حالات کے باعث پروگرام منسوخ کر دیا گیا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے روسی حکام کو آگاہ کر دیا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر یہ دورہ فی الحال ممکن نہیں۔
ادھر وزیراعظم نے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر فوری غور کے لیے ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے، جہاں ایران، افغانستان اور دیگر علاقائی ممالک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان کی آئندہ حکمت عملی اور سفارتی مؤقف پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ چند روز میں اپنی پالیسی سے متعلق رہنما اصول مرتب کرے گی۔ اجلاس میں اس پہلو پر بھی غور کیا جائے گا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کس سطح پر کی جائے۔