ضلع کرم کے سرحدی علاقوں پر افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، اہلکار سمیت 2 شہید

خرلاچی میں ایک مسجد گولہ لگنے سے شہید، سویلین آبادی پر حملوں کے باعث متعدد مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

               
March 4, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر صورتحال اس وقت انتہائی کشیدہ ہوگئی جب افغان صوبہ پکتیا اور خوست سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال گولہ باری اور فائرنگ کی گئی۔ پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق رات بھر جاری رہنے والے اس تبادلے میں فورسز کا ایک جوان اور ایک شہری شہید، جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق افغان حدود سے ضلع کرم کے علاقوں بوڑکی اور خرلاچی کو نشانہ بنایا گیا۔

 بوڑکی کے رہائشی حاجی علی حسین گولہ لگنے سے موقع پر شہید ہو گئے، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔

حملوں کا دفاع کرتے ہوئے فورسز کا ایک جوان عصمت بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گیا۔

خرلاچی میں ایک مسجد گولہ لگنے سے شہید ہوگئی، جبکہ سویلین آبادی پر حملوں کے باعث متعدد مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے دشمن کی جارحیت کا انتہائی بہادری سے دفاع کیا اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔ فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث زیادہ تر سرحدی علاقوں میں اب خاموشی ہے، تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بوڑکی، خرلاچی، سپینہ شگہ اور لو سے وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہی ہیں۔