فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا وانا جنوبی وزیرستان کا دورہ ،جوانوں سے ملاقات
فیلڈ مارشل کو مغربی سرحد پر سیکیورٹی صورتحال اور آپریشن غضب للحق پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر
فوٹو آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وانا جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور جوانوں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو مغربی سرحد پر سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، فیلڈ مارشل کو آپریشن غضب للحق پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل کی اگلے مورچوں پر تعنیات جوانوں سے ملاقات بھی ہوئی اور انہوں نے مغربی سرحد پر موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے مادرِ وطن کے دفاع میں قربانیاں دینے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استقامت کی بنیاد ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔
اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ناقابلِ قبول ہے، سرحد پار سے آنے والے خطرات کے تدارک کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ امن تبھی ممکن ہے جب افغان طالبان دہشتگردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کر دیں، فیلڈ مارشل نے پاک-افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاریوں کو سراہا اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک کا مزید کہنا تھا کہ وانا آمد پر فیلڈ مارشل کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔