پاکستان میں پیٹرول پمپ چند دن میں بند ہونے کا خطرہ

حکام کو چاہیےصورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن

               
March 5, 2026 · اہم خبریں, کامرس

 

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے باعث پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد شدید متاثر ہو چکی ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر آئندہ دنوں میںپٹرولیم کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کے اثرات براہ راست عوامی زندگی اور معیشت پر ہوں گے۔

 

پیٹرولیم ڈیلرزنے پریس ریلیزمیں کہاہے کہ ملک بھر میں عمومی طور پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس ہمہ وقت تقریباً تیس دن کا تیل کا ذخیرہ موجود ہوتا ہے، تاہم تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر بعض کمپنیوں نے ابھی سے سپلائی محدود کر دی ہے۔ اس صورتحال کے باعث کئی پٹرول پمپوں پر تیل کم مقدار میں دستیاب ہو رہا ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 

پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کے مطابق ،موجودہ حالات کے پیش نظر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں قلت کے باعث ملک کو شدید توانائی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکام کو چاہیے کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور دستیابی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

واضح رہے کہ پاکستان اپنی پٹرولیم ضروریات کا بڑا حصہ درآمد کرتا ہے اور آبنائے ہرمز اس سلسلے میں ایک انتہائی اہم بحری راستہ ہے۔ اس راستے کی بندش یا رکاوٹ کی صورت میں تیل کی ترسیل متاثر ہونا ناگزیر ہے۔ اگر متبادل راستوں کے ذریعے فراہمی ممکن بھی بنائی جاتی ہے تو طویل فاصلے اور اضافی کرایہ جات کے باعث درآمدی لاگت میں نمایاں اضافہ ہو گا، جس کے نتیجے میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوسکتی ہیں ۔

 

یادرہے کہ پیٹرولیم ڈیلرزایسی ایشن نے قبل ازیں اس معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف کو خط بھی لکھاتھا۔

مزید پڑھیں:ایران جنگ کے دوران پاکستان میں پیٹرولیم قلت کا خدشہ،پمپ مالکان نے وارننگ دے دی