ٹرمپ، یاہو یا کوئی اور۔ایران کے خلاف جنگ کا اصل ‘معمار’ کون ہے؟

انہوں نے انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے ارکان سے ملنے کے لیے اسرائیل کے متعدد دورے کیے

               
March 9, 2026 · امت خاص

 

 

 

امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر جو جنگ مسلط کی ہے اس کا اصل کردار نہ تو نیتن یاہو اورنہ ڈونلڈ ٹرمپ ہیں بلکہ امریکی حکمران جماعت کے ایک سینیٹرکو اس جارحیت کا حقیقی خالق اور تجویزدہندہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔

 

سائوتھ کیرولائنا سے سینیٹر لنڈسے گراہم وہ شخصیت ہیں جن سے زیادہ امریکی حکومت میں کوئی اور فردواحد اس جنگ کا خواہاں نہیں تھا۔ انہوں نے اسے چھیڑنے کے لیے باقاعدہ لابنگ کی ۔عالمی میڈیاانہیں ‘کئی دہائیوں سے ایران کے خلاف جنگ پر زور دینے والے’قانون سازکے طورپر پکارتاہے۔الجزیرہ کے مطابق ،گراہم، ٹرمپ انتظامیہ کے اسرائیل اور ایران کے خلاف جنگ کے سب سے زیادہ پرزور حامیوں میں سے ایک رہے ہیں۔

 

گراہم کا شمار انتہائی عقابی (Hawkish)سینیٹروں میں ہوتا ہے، انہوں نے گزشتہ دو دہائیوں میں مشرق وسطی میں تقریبا تمام فوجی مداخلتوں کی حمایت کی ،، بشمول 2003کی تباہ کن عراق جنگ ،شام اور لیبیا ۔

 

جنگ شروع ہونے سے کئی ہفتے قبل، گراہم نے ملک کی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے ارکان سے ملنے کے لیے اسرائیل کے متعدد دورے کیے تھے۔گراہم نے کہا کہ وہ مجھے ایسی چیزیں بتائیں گے جو ہماری اپنی حکومت مجھے نہیں بتائے گی۔وال سٹریٹ جرنل کے مطابق، گراہم نے ان دوروں کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے بھی بات کی اورانہیں اس بات کی تربیت دی کہ صدر کو کارروائی کرنے کے لیے لابنگ کیسے قائل کیا جائے۔ امریکی سینیٹر نے کہا کہ نیتن یاہو نے پھر ٹرمپ کو ذہانت دکھائی جس نے انہیں ایران کے خلاف مشترکہ جنگ شروع کرنے پر آمادہ کیا۔

 

گراہم نے خود کو اس جنگی کوشش کا ایک نمایاں اور عوامی چہرہ بنا لیا ہے۔حالیہ دنوں میں ٹی وی شوزپر انہو ں نے جنگ کے حق میں تمام روایتی نکات دہرائے: حکومتی تبدیلی کی خواہش؛ ایران کو ایٹمی ہتھیاروں سے روکنے کی ضرورت؛ اور تیل، تیل، تیل۔ اس دوران، انہوں نے خطے میں امریکہ کے ان اتحادیوں سے جو خود امریکہ کی شروع کردہ جنگ کے نتیجے میں حملوں کا سامنا کر رہے ہیں، مطالبہ کیا کہ وہ اس لڑائی میں شامل ہوں۔ انٹرویو کے دوران گراہم نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران پر حملے کریں۔ ہاں، میں چاہتا ہوں کہ وہ لڑائی میں شامل ہوں، ہم انہیں ہتھیار بیچتے ہیں۔ ایران ان کے ملک پر حملہ کر رہا ہے، ان کے پاس اچھی صلاحیت ہے۔

 

اسرائیل اور امریکہ کی قیادت میں جاری مشترکہ جنگ پر گراہم نے فخریہ انداز میں کہا کہ بس انتظار کریں اور دیکھی کہ اگلے دو ہفتوں میں کیا ہوتا ہے۔ ہم ان لوگوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔انہوں نے خون کی ہوس میں ڈوبے ہوئے لہجے میں یہ وعدہ کیا، جو کہ جنگی جرائم کی کھلی حوصلہ افزائی تھی۔ جب یہ حکومت گرے گی، تو ہمارے پاس ایک نیا مشرق وسطی ہوگا، انہوں نے مزید کہاہم ٹنوں کے حساب سے پیسہ کمائیں گے۔وینزویلا اور ایران کے پاس دنیا کے تیل کے ذخائر کا 31 فیصد حصہ ہے۔

 

آج لنڈسے گراہم اور ٹرمپ ایران کے خلاف جنگ میں ایک پیج پر ہیں لیکن دل چسپ طورپر 2016میں یہ صورت حال بالکل الٹی تھی۔ 2016 ء کی پہلی صدارتی مہم کے دوران ٹرمپ نے ان کے بارے میں کہا تھا کہ وہ ان بیوقوف ترین انسانوں میں سے ایک ہے جنہیں میں نے کبھی دیکھا ہے آپ اس جیسے آدمی کے ساتھ تیسری عالمی جنگ شروع کرا بیٹھیں گے۔

 

جب ایرانی دارالحکومت کو اپنی لپیٹ میں لینے والی آگ زہریلی بارشوں سے بجھائی جا رہی تھی، گراہم نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا ڈونلڈ جے ٹرمپ نے دنیا کو حقیقی افراتفری سے بچا لیا خدا کا شکر ہے کہ ٹرمپ نے یہ کیا۔

 

ٹرمپ کی جنگ کے لیے گراہم کا یہ تشہیری کردار اس لیے بھی دلچسپ ہے کیونکہ اس جنگ کو شروع کروانے میں ان کا اپنا بڑا ہاتھ بتایا جاتا ہے۔ یہ کوششیں اتنی ہی مضحکہ خیز اور سرپرستانہ رہی ہیں جتنا کہ گراہم کا مبینہ طور پر بچہ صفت صدر کے ساتھ لفظوں کا کھیل کھیلنا تاکہ انہیں جنگ پر اکسایا جا سکے۔