ایران کی فٹبال ٹیم ورلڈکپ کے اپنے گروپ میچز شیڈول کے مطابق امریکہ میں کھیلے گی

۔فیفا کے صدر نے یہ بات ترکیے میں ایرانی فٹبال ٹیم ، ہیڈکوچ اور ایرانی فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر سے ملاقات کے بعد کہی۔

               
April 1, 2026 · |
فائل فوٹو

فائل فوٹو

فیفا صدر جیانی انفینٹینو کا کہنا ہے کہ  ایران کی فٹبال ٹیم  ورلڈکپ کے اپنے گروپ میچز شیڈول کے مطابق امریکہ میں کھیلے گی۔فیفا کے صدر نے یہ بات ترکیے میں ایرانی فٹبال ٹیم ، ہیڈکوچ اور ایرانی فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر سے ملاقات کے بعد خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں کہی، جہاں ایران کی ٹیم کوسٹا ریکا سے دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے موجود تھی۔

خیال رہے کہ ایران نے فیفا ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کیا ہوا ہے، یہ ورلڈکپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں 11 جون سے شروع ہوگا۔ ایران کے تمام میچز امریکہ میں شیڈول ہیں اور ایران کو پہلا گروپ میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنا ہے، پھر 21 جون کو اس کا مقابلہ بیلجیئم اور 27 جون کو مصر سے ہوگا۔گزشتہ دنوں ایرانی فٹبال فیڈریشن نےکہا تھا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے باعث اپنے میچزکو میکسیکو منتقل کرنےکے لیے فیفا سے مذاکرات کر رہی ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران فٹبال ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت حوالے سےکہا تھا کہ ان حالات میں ایران کا امریکا میں ورلڈ کپ کھیلنا مناسب نہیں ہوگا جب کہ ایران نے اس پر ردعمل میں کہا تھا کہ کوئی بھی ایران کی قومی ٹیم کو ورلڈکپ سے باہر نہیں کر سکتا۔