اسلام آباد ٹاکس:دارالحکومت وی وی آئی پی موومنٹس کامرکز،سڑکوں سے آسمانوں تک پہرے

مذاکرات کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات ۔ فوج، نیم فوجی دستوں اور پولیس ، تقریباً 10 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات

               
April 11, 2026 · امت خاص

تصویر: اسلام آباد پولیس

 

وفاقی دارالحکومت ہونے کے ناتے اسلام آبادمیں وی آئی پی موومنٹ کوئی خاص بات نہیں لیکن ’’ اسلام آباد ٹاکس‘‘ نے شہر کو ’’ وی وی آئی پی موومنٹس‘‘ کامرکزبنادیاہے۔ ایران اور امریکہ کے اعلی ٰ سطح وفود کی موجودگی میں دارالحکومت کی سڑکیں کسی بھی وقت اہم ترین سرکاری اور سفارتی نقل وحرکت کا راستہ بن سکتی ہیں۔

 

جمعہ اورہفتہ کی درمیانی شب ،سوابارہ بجے ایرانی وفد کے خصوصی طیارے نے راولپنڈی میں نور خان ائر بیس پر لینڈ کیا تھا جس کے ساتھ ہی نہ صرف اسلام آبا دبلکہ جڑواں شہر راولپنڈی بھی پروٹوکول ضابطوں کی لپیٹ میں آگیا۔ایرانی طیارے کوغیر معمولی حفاظتی انتظامات میں پاکستان لایاگیا۔

 

ہفتے کی صبح 10 بجے پاک فضائیہ کے ایسکارٹ طیاروں کی گھن گرج میں امریکی نائب صدر کا طیارہ ائرفورس 2 بھی نور خان ائربیس پراترا ،جس کے بعد کورم پوراہوااور اس کے ساتھ ہی اسلام آباد مکمل ہائی الرٹ پر چلاگیا۔

جگہ جگہ پہرہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیاں، رینجرزاور ملٹری کاگشت ،سائرن اور شاہرات کی وقتی بندش ، یہ مناظر اسلام آباد ٹاکس کے دوران شہراقتدار میں دیکھے جارہے ہیں۔جڑواں شہروں میں بازار، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

 

اسلام آباد میں مذاکرات کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ فوج، نیم فوجی دستوں اور پولیس ، تقریباً 10 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔انٹیلی جنس ہلکار بھی نگرانی کر رہے ہیں۔مذاکراتی مقام پر واقع ایک فائیو اسٹار ہوٹل سمیت پہلے سے ہائی سکیورٹی علاقہ ریڈ زون مکمل طور پر بندہے۔

 

فضائی حدود کی بھی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔ جب تک غیر ملکی وفود پاکستان میں ہیں، آسمانوں پربھی کڑے پہرے جاری رہیں گے۔