راولپنڈی اور اسلام آباد میں لاک ڈاون پر انتظامیہ کی تردید کے باوجود ابہام برقرار۔ انجمن تاجران کا اعلان بھی سامنے آ گیا

شہریوں اور کاروباری طبقے میں بے یقینی کی فضا پیدا ہو گئی

               
April 19, 2026 · امت خاص

 

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بازاروں کی ممکنہ بندش سے متعلق انتظامیہ کے بیانات اور زمینی صورت حال میں تضاد سامنے آیا ہے، جس سے شہریوں اور کاروباری طبقے میں بے یقینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مارکیٹوں کی بندش سے متعلق خبریں جعلی ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔ بیان میں عوام کو ہدایت کی گئی کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر توجہ نہ دیں اور مستند معلومات کا انتظار کریں۔

دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹ میں واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر رات سے مارکیٹیں بند کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، کسی قسم کی ہدایت جاری نہیں کی گئی اور کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

تاہم، مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر دکانیں بند کروانے کے نوٹسز سامنے آنے سے سرکاری مؤقف پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی ایسی ہی تردید اور وضاحت جاری کی ہے۔

دکانیں یا ٹرانسپورٹ اڈے بند کرانے کی خبروں پرڈی سی نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ اسلام آباد میں ایسے کسی بھی قسم کے احکامات جاری نہیں کیے گئے، شہری غیر تصدیق شدہ خبروں پر دھیان نہ دیں۔

راولپنڈی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ سرکاری سطح پر بندش کی تردید کی جا رہی ہے، لیکن فیلڈ میں بعض اہلکاروں کی سرگرمیوں سے مختلف پیغام مل رہا ہے۔

تاجروں کے مطابق اس صورتحال سے نہ صرف عوامی اعتماد متاثر ہو رہا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکام واضح اور یکساں پالیسی اختیار کریں تاکہ ابہام کا خاتمہ ہو سکے۔

دریں اثنا، مرکزی انجمن تاجران راجہ بازار نے اطلاع دی ہے کہ بروز اتوار 19 اپریل کو بازار مکمل طور پر کھلا رہے گا۔لہٰذا تمام تاجر حضرات صبح سے رات 8:00 بجے تک اپنی دکانیں کھول کر کاروبار جاری رکھ سکتے ہیں۔