راولپنڈی میں تھانے کے باہر ہتھکڑی لگا نوجوان قتل۔وڈیو وائرل
نامزد ملزم پولیس کی حراست میں تھا۔ نامعلوم افراد نے حملہ کردیا
راولپنڈی میں تھانہ دھمیال کے دروازے پر پولیس کی حراست میں نوجوان کو مخالفین نے قتل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق،چند روز قبل عبدالواحد نے گرجا روڈ کے رہائشی بخت عالم کو لڑائی جھگڑے کے دوران قتل کر دیا تھا۔ ملزم پولیس کی حراست میں تھا۔اس دوران تھانہ دھمیال کے عین سامنے نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں عبدالواحد کو کمر میں تین گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ،سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقعہ کا نوٹس لے کر ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی صدر کو فوری موقع پر پہنچنے، اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیاہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گلشن اقبال روڈ پر دیرینہ دشمنی پر شہری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس کا کہناہے کہ مقتول ہفتہ قبل تھانہ دھمیال میں درج قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم تھا۔نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔موقع سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں،ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔