مضبوط صحت نظام کیلئے خدمت خلق ناگزیر ہے۔ صدر زرداری

عالمی یومِ ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری کا پیغام

May 8, 2026 · قومی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی آفات، وبائی امراض اور صحتِ عامہ کے ہنگامی حالات جیسے بدلتے ہوئے چیلنجز کے پیشِ نظر حکومتی اداروں، انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور مقامی برادریوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

عالمی یومِ ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے موقع پر اپنے پیغام صدر مملکت نے کہا ہے کہ مضبوط اور پائیدار صحت کے نظام کی تشکیل کےلئے صرف بنیادی ڈھانچے اور وسائل ہی نہیں بلکہ ہمدردی، رضاکارانہ جذبے اور خدمتِ خلق کی روح بھی درکار ہے جو ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ تحریک کی بنیادی اقدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ (ہلال احمر) تحریک کے مخلص رضاکاروں، عملے اور شراکت داروں، بالخصوص پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی جو قائدِاعظم محمد علی جناح کے جاری کردہ پاکستان ریڈ کراس آرڈر 1947 کے تحت قائم کی گئی کو انسانیت کی خدمت کےلئے ان کی غیر متزلزل وابستگی پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔