مولانا فضل الرحمٰن کو200 فیصد دوست سمجھتا ہوں،خواجہ آصف

جے یو آئی کا یہ کہنا معصومیت کا اظہار ہے کہ انہوں نے گورنر راج میں کبھی حصہ نہیں مانگا، گفتگو

November 3, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سے اچھے مراسم ہیں، انہیں 200 فیصد دوست سمجھتا ہوں۔

پارلیمنٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے بڑا پرانا تعلق ہے، سیاست تعلق کو بگاڑتی نہیں۔

گزشتہ دنوں نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کا یہ کہنا معصومیت کا اظہار ہے کہ انہوں نے گورنر راج میں کبھی حصہ نہیں مانگا۔

ان کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے بھی  اختلافات رہے ہیں لیکن اس نہج پر نہیں پہنچے ، مولانا فضل الرحمان کو فوری رد عمل نہیں دینا چاہتا تھا.

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میرے مولانا سے اچھے مراسم ہیں، میری ذات پر حملہ مسئلہ نہیں لیکن مولانا حکومت کی ساکھ پر حملہ کر رہے تھے اگر مولانا فضل الرحمان کا دامن صاف ہے تو وہ اپنے خلاف شروع ہونے والی کارروائی کا سامنا کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف بھائیوں کی طرح ہیں میں نے تو انہیں گدگدی کی تھی، انہیں ایک روز بعد غصہ آیا جو بات ایک روز بعد یاد آتی ہے تو مکا اپنے منہ پر مار لینا چاہیے۔