امریکی ہتھیاروں کو فوجی اڈوں تک نہیں پہنچنے دیں گے ، ایرانی فوج
آبنائے ہرمز پر مؤثر کنٹرول، اس کی نگرانی اور خودمختادی کا تحفظ ملک میں آئل کے منافع کو دُگنا کر دے گا ، بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی
فائل فوٹو
تہران: ایرانی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ امریکی ہتھیاروں کو آبنائے ہرمز سے گزر کر خطے میں موجود فوجی اڈوں تک نہیں پہنچنے دیں گے۔
ایران کی فارس ایجنسی کے مطابق بدھ کو ایرانی فوج کے سابق چیف آف اسٹاف جنرل عبدالرحیم موسوی کی موت کے چالیس دن مکمل ہونے کے موقع پر مشھد میں بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی کا کہنا تھا کہ آج آبنائے ہرمز ایرانی افواج کے سٹریٹجک کنٹرول میں ہے۔ آبنائے ہرمز کا مشرق حصہ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کنٹرول میں ہے جبکہ مشرقی حصے پر ایرانی فوج کی بحریہ کا کنٹرول ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر مؤثر کنٹرول، اس کی نگرانی اور خودمختادی کا تحفظ ملک میں آئل کے منافع کو دُگنا کر دے گا۔
انھوں نے مزید کہاکہ ہم اب امریکی ہتھیاروں کو آبنائے ہرمز سے گزر کر خطے میں موجود فوجی اڈوں تک نہیں پہنچنے دیں گے۔ جو بھی آبنائے ہرمز سے گزرنا چاہتا ہے اسے ایرانی افواج کی نگرانی میں یہاں سے گزرنا پڑے گا۔