جنوبی لبنان: اسرائیلی فضائی حملوں میں بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق، شاہراہ خون آلود

اسرائیلی ڈرونز نے بیروت کو جنوب سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر تین مختلف مقامات پر گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

بیروت : جنوبی لبنان میں صیدا کے قریب ساحلی شاہراہ پر اسرائیلی ڈرون حملوں میں 2 بچوں اور ایک خاتون سمیت کم از کم 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب خطے میں جنگ بندی کے باوجود کشیدگی عروج پر ہے۔

لبنانی وزارتِ صحت اور قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز اسرائیلی ڈرونز نے بیروت کو جنوب سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر تین مختلف مقامات پر گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

 صیدا کے شمالی داخلے پر رفیق حریری اسپورٹس سٹی کے قریب ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔برجا، جیہ اور سعادیات کے علاقوں میں بھی گاڑیوں پر میزائل داغے گئے، جہاں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی۔

طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حملوں میں جاں بحق ہونے والوں میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق شاہراہ پر کھڑی گاڑیاں آگ کے شعلوں میں گھری نظر آئیں اور امدادی ٹیموں کو لاشیں نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔