بلوچستان میں کارروائی: 7 دہشتگرد جہنم واصل، میجر سمیت5 جوان شہید
مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ترجمان پاک فوج
فائل فوٹو
راولپنڈی:سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کیخلاف کارروائی میں7 دہشت گرد ہلاک اور میجر سمیت5 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق (آئی ایس پی آر) سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ اطلاع پر بلوچستان کے ضلع بارکھان میں آپریشن کیا اور ایک شرپسند گروہ کا سراغ لگا کر اُسے نشانہ بنایا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دوران کارروائی سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے اور میجر سمیت 5 جوان وطن پر قربان ہوئے۔
شہدا میں میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین، سپاہی سہیل احمد، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی محمد ایاز شامل ہیں جب کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ ویژن ’عزم واستحکام ‘ کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں جبکہ علاقے میں موجود بھارتی حمایت یافتہ عناصر کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بارکھان میں شدت پسندوں کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہونے والے میجر توصیف احمد اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میجر توصیف احمد اور جوانوں نے شدت پسندوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔‘
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران جوانوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ’شدت پسندوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں دینے والے پوری قوم کا فخر ہیں۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’شدت پسند اور ان کے سہولت کار کسی رعایت کے مستحق نہیں، ریاست دشمن قوتوں کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائیں گے۔