مولانا فضل الرحمان کی اپنی سیاست ہے اور ہماری اپنی،عوامی مسائل پر پارلیمنٹ کے اندر ہم متحد ہیں:بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر کے مطابق سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ رہیں گے، بانی پی ٹی آئی کے فیصلے حتمی ہیں

October 29, 2026 · قومی

مولانا فضل الرحمان کی اپنی سیاست ہے اور ہماری اپنی، عوامی مسائل پر پارلیمنٹ کے اندر ہم متحد ہیں: بیرسٹرگوہر

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی اپنی سیاست ہے اور ہماری اپنی، تاہم عوامی مسائل پر پارلیمنٹ کے اندر دونوں جماعتیں متحد ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اتحاد چاہتے تھے، لیکن مولانا ان کے ساتھ نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کی اپنی اپنی جماعتیں ہیں اور دونوں کی اپنی سیاست ہے، تاہم عوامی مسائل پر پارلیمنٹ میں دونوں متحد ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حوالے سے کہا کہ سہیل آفریدی ان کے وزیراعلیٰ ہیں اور یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی کا ہے۔ سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا رہیں گے اور انہیں بانی پی ٹی آئی کا اعتماد حاصل ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے اراکین کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کسی بھی نامزدگی سے متعلق اجلاس نہ بلائیں اور اس معاملے پر کسی ایجنڈے یا بحث و مباحثے میں حصہ لینے سے گریز کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاوہ کسی کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کسی متبادل امیدوار کو نامزد کرے۔ بانی پی ٹی آئی کے فیصلے حتمی ہیں اور پارٹی کے تمام اراکین ان کے پابند ہیں۔