پاکستان کے خلاف منظم پراپیگنڈا مہم بے نقاب، دشمن عناصر امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں، عطا اللہ تارڑ

پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی ،وفاقی وزیرِ اطلاعات

May 14, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان کے خلاف بیرونی ملکوں سے چلائی جانے والی ایک منظم منفی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی وقار اور علاقائی امن کو سبوتاژ کرنے کی ایک ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے پاکستان کے خلاف بیرونِ ملک سے ایک مذموم مہم دیکھی جا رہی ہے، جس کا مقصد بے بنیاد خبروں اور گمنام ذرائع کے حوالے سے جھوٹی معلومات پھیلا کر کنفیوژن پیدا کرنا ہے۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ مہم ان عناصر کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے جو خطے میں پائیدار امن کے قیام میں پاکستان کے کلیدی کردار سے خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف مسلسل کامیابیاں ان عناصر کو ہضم نہیں ہو رہیں۔علاقائی تنازعات کے حل اور امن کی کوششیں ان “امن دشمنوں” کے ایجنڈے کے خلاف ہیں۔گمنام ذرائع کے نام پر پھیلائی گئی خبریں بدنیتی پر مبنی اور غیر پیشہ ورانہ ہیں۔

وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ مقامی میڈیا اور متعدد آزادانہ “فیکٹ چیک” فورمز نے اس پراپیگنڈے کی پہلے ہی قلعی کھول دی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا ذمہ دار میڈیا اور انفلوئنسرز اس مہم کو بے نقاب کرنے میں قابلِ ستائش کردار ادا کر رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ان مذموم ڈیزائنوں کو بے نقاب کرنا جاری رکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی امن کی کوششوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔