عمران خان اس سال رہاہوجائیں گے،ندیم افضل چن کی پیشگوئی

آصف علی زرداری وہ صدر نہیں جو استعفیٰ دیں گے ، گفتگو

May 14, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان ندیم افضل چن نے پیشگوئی کی ہے کہ اس سال عمران خان کی رہائی ہوجائےگی۔ عمران خان کو 3 سال ہوگئے ہیں، سیاسی لیڈرز کو زیادہ عرصہ تک قید نہیں رکھا جاسکتا، راستہ عدالتوں کا ہی ہوگا، جب حالات نارمل ہوں گے تو عدالتیں بھی نارمل ہوجائیں گی، عمران خان کو سیاسی جماعتوں سے ڈیل کرنا ہوگی، لیکن یہ ڈیل نہیں کہلائے گی کیونکہ میثاق جمہوریت کو کوئی ڈیل نہیں کہتا۔

سینئر صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری وہ صدر نہیں جو استعفیٰ دیں اور دیں گے بھی کیوں؟ استعفی تو آپشن ہی نہیں ہے، صدر زرداری پریشرمیں زیادہ بہتر سیاست کرتےہیں، ترمیم کے لیے سب ہورہاہے، جیسے ہی کسی آئینی ترامیم کی بات ہوتی ہے تو نیب سر گرم ہو جاتا ہے، لیکن یہ نظام پیپلزپارٹی کے بغیر نہیں چل سکتا کیونکہ ایک بڑی جماعت کو پہلے ہی باہر رکھا ہوا ہے۔

ندیم افضل چن کہتے ہیں کہ یہ جمہوری نہیں بیوروکریٹک حکومت ہے، پنجاب میں افسران غائب ہوتے ہیں اور بیان دے کر واپس آتےہیں، پھر کارروائی کا پوچھا جائے تو منع کردیتے ہیں، منڈی بہاؤالدین کے ایکسین راجہ عمر 2 روز غائب رہے، واپس آئے تو پولیس نے کارروائی کا پوچھا تو انہوں نے کہا ایم این اے سے پوچھے بغیر بیان نہیں دوں گا، احتساب کرنا ہے تو خواجہ آصف کے بیان سے شروع کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ڈی سے امن لانا مستقل حل نہیں ہے، پولیس جن کے بندے مارتی ہے وہ پھر ایم پی اے پر حملہ کردیتے ہیں، ماورائے عدالت کارروائی کریں گے تو کوئی نہ کوئی اس کا سامناکرے گا، اسی طرح مہنگائی، بے روزگاری بہت زیادہ اور زراعت تباہی کے دہانے پر ہے، اس وقت جو سکون چل رہا ہے وہ کسی بڑے لاوے کی صورت میں نظر آئے گا۔