صدر شی جن پنگ نے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ، ٹرمپ کا انکشاف
شی جن پنگ اس معاملے پر کوئی معاہدہ ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں ، فاکس نیوز کو انٹرویو
فائل فوٹو
بیجنگ/واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے ایران اور واشنگٹن کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں آبنائے ہرمز کو جہاز رانی کے لیے کھلا رکھنے اور اس حوالے سے پیدا ہونے والے بحران کو حل کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔
فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر شی جن پنگ نے ایران کے ساتھ جاری تنازع میں ثالثی یا مدد کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق چینی صدر نے کہا کہ اگر میں کسی بھی قسم کی مدد کر سکوں، تو میں ضرور کرنا چاہوں گا۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شی جن پنگ اس معاملے پر کوئی معاہدہ ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ چین کا آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے میں ذاتی مفاد بھی ہے کیونکہ چین اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے بڑے پیمانے پر ایرانی اور علاقائی تیل پر انحصار کرتا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جو ملک اتنی بڑی مقدار میں تیل خریدتا ہے، ظاہر ہے ان کے ایران کے ساتھ کچھ تعلقات ہیں۔ وہ (صدر شی) چاہیں گے کہ آبنائے ہرمز کھلی رہے۔