وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کا رابطہ، امن معاہدے پر امید کا اظہار

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں خطے کی صورتحال، امن کوششوں اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

May 27, 2026 · اہم خبریں

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے اور مسلم اُمہ کو عید کی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں خطے کی صورتحال، امن کوششوں اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی صدر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ صورتحال کے دوران ایرانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جاری مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایسا امن معاہدہ طے پائے گا جو ایرانی قوم کے وقار اور عزتِ نفس کے مطابق ہو۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام سے معاشی تعاون اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جن سے پورا خطہ فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں قریبی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔