یومِ تکبیر قومی خودداری اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے:وزیراعظم شہباز شریف

ملک دشمن عناصر اور دہشتگرد گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

May 28, 2026 · اہم خبریں

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن دن ہے، جب قوم نے متحد ہو کر ایٹمی قوت بننے کا اعلان کیا اور اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا مؤثر جواب دے کر دنیا پر واضح کیا کہ ملک اپنے دفاع سے غافل نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر قومی خودداری، اتحاد اور مضبوط دفاعی عزم کی علامت ہے۔ وزیراعظم نے ایٹمی پروگرام کے معماروں، سائنسدانوں، انجینئرز اور مسلح افواج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر ثمر مبارک مند کا خصوصی ذکر کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اُس وقت عالمی دباؤ اور معاشی پابندیوں کی دھمکیوں کے باوجود پاکستان نے قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کے مطابق اس وقت کی قیادت نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے دفاع کو ترجیح دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے خطے میں جنگی ماحول پیدا کرنے اور اپنی برتری قائم کرنے کی کوشش کی، تاہم پاکستان کے بروقت فیصلوں نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔

انہوں نے حالیہ علاقائی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اور افواج کے اتحاد نے دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنایا اور دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر اور دہشتگرد گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔