یومِ تکبیر پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع اور قومی سلامتی کی علامت ہے،صدر

28 مئی 1998 نے پاکستان کو اسٹریٹجک خودمختاری عطا کی اور یہ دن قومی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

May 28, 2026 · اہم خبریں

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع اور قومی سلامتی کی علامت ہے۔

یومِ تکبیر 2026 کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 نے پاکستان کو اسٹریٹجک خودمختاری عطا کی اور یہ دن قومی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی پروگرام قومی سلامتی کے تقاضوں کے تحت شروع کیا تھا اور اس کامیابی پر پوری قوم اپنے سائنسدانوں، انجینئرز اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

صدرِ مملکت کے مطابق عالمی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ اپنے قومی مفاد کا تحفظ کیا اور خودمختار فیصلے کیے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی حکمت عملی خطے میں امن اور استحکام کی ضامن ہے جبکہ جدید دور میں سائبر وار فیئر، مصنوعی ذہانت اور ڈرون ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ایٹمی ریاست ہے اور اس کے کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں۔

صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ کسی بھی جارحیت کا پاکستان کی جانب سے فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔