بلیو اوریجن کا نیو گلین راکٹ ٹیسٹ کے دوران دھماکے سے تباہ

امریکی حکام کے مطابق واقعہ سے علاقے میں فضائی ٹریفک متاثر نہیں ہو ئی

May 29, 2026 · بام دنیا

امریکی ارب پتی جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن کا نیو گلین راکٹ ایک ٹیسٹ کے دوران لانچنگ پیڈ پردھماکے سے پھٹ گیا۔
اس واقعہ میں کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ امریکی حکام کے مطابق واقعہ سے علاقے میں فضائی ٹریفک متاثر نہیں ہو ئی۔ خلائی ٹیکنالوجی کمپنی بلیو اوریجن کی بنیاد 2000 میں ایمیزون کے ارب پتی مالک جیف بیزوس نے رکھی تھی ۔بلیو اوریجن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی مزید تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔
بیان کے مطابق دھماکہ “ہاٹ فائر ٹیسٹ” کے دوران ہوا۔حادثے کی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ راکٹ آگ کے ایک بڑے گولے میں تبدیل ہو رہا ہے اور اس کے شعلوں نے ارد گرد کے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کینورل لانچنگ پیڈ پر مقامی وقت کے رات 9 بجے پیش آیا ۔ بریورڈ کاؤنٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کے مطابق عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بلیو اوریجن کے مالک جیف بیزوس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فوری طور پر حادثے کی اصل وجہ جاننا ممکن نہین لیکن ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔