سندھ ہائیکورٹ کا پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو تحفظ دینے کا حکم
عدالت نے جان، عزت اور املاک کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی
فائل فوٹو
سندھ ہائیکورٹ نے جیکب آباد میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو درخواست گزاروں کی جان، عزت اور املاک کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا ہے کہ تفتیشی افسر نے خاتون کا بیان احاطہ عدالت میں ریکارڈ کر لیا ہے۔
عدالت کے مطابق درخواست گزاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور انہیں کسی بھی قسم کے خطرے سے محفوظ رکھا جائے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کے وکیل کے مطابق خاتون نے اپنی مرضی اور بغیر کسی دباؤ کے نکاح کیا ہے اور وہ اپنے شوہر کے ساتھ رضا مندی سے زندگی گزار رہی ہے۔ وکیل کے مطابق جوڑے کو رشتے داروں کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا بھی ہے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ مقدمے کا چالان ضابطے کے مطابق متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔