کینسراور دیگرادویات کے 100 سے زیادہ اقسام کے خام مال پر کسٹمز ڈیوٹی مکمل ختم کرنے کی تجویز

ادویات ساز صنعت کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی ، وزیر خزانہ

June 12, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم ریلیف پیکیج  متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری اور سستی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ادویات کی مقامی تیاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔صحت کی سہولیات کی منصفانہ فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی وابستگی غیر متزلزل ہے۔کینسر جیسے موذی امراض نہ صرف مریضوں بلکہ ان کے خاندانوں پر بھی شدید مالی اور جذباتی بوجھ ڈال دیتے ہیں، جسے کم کرنے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

محمد اورنگزیب نے اعلان کیا کہ حکومت  نیشنل ٹیرف پالیسی 30-2025 کے تحت کینسر اور دیگر بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی مقامی تیاری کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کرا رہی ہے۔کینسر اور دیگر امراض کی ادویات کی مقامی پیداوار میں استعمال ہونے والی 100 سے زیادہ اقسام کے خام مال پر عائد کسٹمز ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر خزانہ کے اس اعلان سے ادویات ساز صنعت کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، جس کے نتیجے میں کینسر سمیت دیگر پیچیدہ بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی کا امکان پیدا ہوگا۔