آبنائے ہرمز سے جہازوں کی روانگی شروع ہو گئی ، ٹرمپ

ایران، امریکا اور عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے پر پیش رفت جاری

June 15, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد بحری جہاز آبنائے ہرمز سے روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں اور ان میں سے کئی جہاز تیل سے بھرے ہوئے ہیں۔‘

انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’یہ جہاز جنوبی راستے سے گزر رہے ہیں، جو ان کے بقول ’بالکل محفوظ، قابلِ اعتماد اور صاف و شفاف‘ ہے۔

 اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز عبور کرنے والے بحری جہاز جنوب کے محفوظ علاقے کی جانب رواں دواں ہیں اور جہازوں کے سفر کے لیے دیگر راستے بھی موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ اسرائیلی وزیراعظم کی مخالفت کے باوجود طے پایا، اور اگر ایران حتمی جوہری معاہدے تک نہ پہنچا تو وہ دوبارہ حملہ کریں گے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ امید ہے معاہدے کا مسودہ اسی ہفتے جاری کر دیا جائے گا، جبکہ ایران کے ساتھ دو مراحل پر مشتمل تصدیقی عمل ہوگا اور ابھی بہت ساری تفصیلات پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیکھیں گے تہران کن معاملات میں رعایت دینے پر آمادہ ہے، اور نئے مشرق وسطیٰ مذاکراتی میز پر اسرائیل کے لیے بھی ایک کرسی ہوگی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آبنائے ہرمز طویل عرصے تک ٹول فری رہے گا۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا میکنزم آج یا کل فائنل کیا جائے گا اور اس کا اعلان بعد میں ہوگا، جبکہ ایم او یو پر دستخط جمعے کو جنیوا میں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکومت کو ایرانی عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے طویل سفر طے کرنا ہوگا، جبکہ لبنان کے خلاف جارحیت کا خاتمہ اور اس کی خودمختاری کا احترام بھی معاہدے کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق ایران، عمان اور دیگر ممالک کے ساتھ آبنائے ہرمز کو محفوظ گزرگاہ بنانے کے اقدامات کرے گا، میری ٹائم سروس فیس وصول کی جائے گی، اور امریکا نے ہرجانے کی ادائیگی اور منجمد اثاثے بحال کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کو اپنا تیل اور پیٹروکیمیکل برآمد کرنے کی اجازت ہونی چاہیے، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا، جو 19 جون کو جنیوا میں ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اس معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ امن، مکالمے اور سفارتکاری کی فتح ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا۔