گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی منصوبہ:تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی،وزیراعظم
گلگت بلتستان کے عوام کو صاف اور سستی توانائی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، اور اس منصوبے کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت گلگت بلتستان کے شمسی توانائی منصوبے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں منصوبے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے منصوبے پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو صاف اور سستی توانائی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، اور اس منصوبے کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا نظام نافذ کیا جائے۔
بریفنگ کے مطابق منصوبے کے تحت گلگت بلتستان کی سرکاری عمارتوں کے لیے 18 میگاواٹ شمسی توانائی فراہم کی جائے گی، جس کی تکمیل دسمبر 2026 تک متوقع ہے۔ بلتستان ڈویژن کے سرکاری اداروں کی سولرائزیشن اکتوبر 2026 تک مکمل کی جائے گی۔
مزید بتایا گیا کہ گلگت، سکردو، چلاس اور خپلو میں گھریلو صارفین کے لیے 82 میگاواٹ کا علیحدہ سولر منصوبہ بھی جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔