جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ’تانے بانے برطانوی شہریت رکھنے والوں‘ کے ہاتھوں میں ہیں ، خواجہ آصف

آپ لوگ کیسے ان لوگوں کے حقوق سلب کر سکتے ہیں جنھوں نے آزادی کے لیے اتنی بڑی قیمت ادا کی ہے؟ قومی اسمبلی میں اظہار خیال

June 16, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے الزام عائد کیا ہے کہ حال ہی میں کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ’تانے بانے ان لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جن کے پاس برطانوی شہریت ہے‘ یا انھیں انڈیا کی حمایت حاصل ہے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس بات پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔

پاکستانی وزیرِ دفاع نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر حکومت کو ’بلیک میل‘ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کسی ہجوم کو، کسی جلسے جلوس کو اس بات کا اختیار نہیں دیا جا سکتا۔

پاکستانی وزیرِ دفاع نے کہا کہ ’مہاجروں نے خون کے ساتھ قیمت ادا کی ہے، جب انھوں نے سرحد پار کی تو وہ سجدے میں چلے گئے اور کہا جا رہا ہے کہ ان کی نشستیں ختم کر دو۔

آپ لوگ کیسے ان لوگوں کے حقوق سلب کر سکتے ہیں جنھوں نے آزادی کے لیے اتنی بڑی قیمت ادا کی ہے؟ آپ ایسا نہیں کر سکتے وہ بھی صرف اس لیے کہ ایک بیرونی فنڈنگ سے چلنے والی تنظیم کہہ رہی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں انتخابات ہونے دیے جائیں اور لوگوں کو فیصلہ کرنے دیا جائے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔

پاکستانی وزیرِ دفاع کے بیان پر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

خیال رہے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں گذشتہ آٹھ دنوں سے ہڑتال جاری ہے اور کالعدم تنظیم کا مطالبہ ہے کہ مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستیں ختم کی جائیں اور ان پر سے پابندی ہٹائی جائے۔