کینیڈین وزیر اعظم نے ایران امریکہ معاہدے کو “گیم چینجر” قرار دیدیا
G7 اجلاس میں ایران معاہدہ خطے کی معیشت اور امن کے لیے مثبت قرار
کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو “گیم چینجر” قرار دیا ہے۔
جی سیون (G7) سربراہی اجلاس کے موقع پر سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے مارک کارنی نے کہا کہ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والا معاہدہ دیکھا ہے اور یہ ایک “منظم، مؤثر اور مثبت” معاہدہ ہے جس کی وہ مکمل حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “ہم اس معاہدے سے بہت خوش ہیں، یہ واقعی ایک گیم چینجر ہے۔
ان کے مطابق یہ معاہدہ اس بات کی بنیاد فراہم کرتا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ اسی طرح یہ خطے کی معیشتوں کے بتدریج انضمام اور لبنان کے مسئلے کے حل کی راہ بھی ہموار کرتا ہے، جس پر اجلاس میں بھی بات چیت ہوئی۔
مارک کارنی نے مزید کہا کہ معاہدے کے تحت ایران کو آئندہ مہینوں میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر بڑا مالی فائدہ بھی مل سکتا ہے، جن میں آبنائے ہرمز کھولنا اور افزودہ یورینیم کی منتقلی پر مذاکرات شامل ہیں۔