ملک کو آئی ایم ایف سے نجات دلانے کا کریڈٹ ن لیگ کو جاتا ہے: عطا تارڑ
ٹیکس نہ دینے والوں کا بوجھ ٹیکس دینے والوں پر نہیں ڈالا گیا جبکہ شوگر ملز سے 60 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بعض عناصر بجٹ کے خدوخال جانے بغیر تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں اور منفی ماحول پیدا کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت نے ریلیف پر مبنی بجٹ پیش کیا ہے۔
وزیر اطلاعات اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے بجٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ مشکل حالات میں معیشت کو سنبھالا اور ملک کو آئی ایم ایف سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے ذاتی کوششوں سے آئی ایم ایف سے معاملات طے کیے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں معاشی استحکام آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نہ دینے والوں کا بوجھ ٹیکس دینے والوں پر نہیں ڈالا گیا جبکہ شوگر ملز سے 60 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ ان کے مطابق انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال میں 800 ارب روپے اکٹھے کیے گئے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ دکاندار طبقہ ہمیشہ سے ٹیکس کے سادہ طریقہ کار کا مطالبہ کرتا رہا ہے اور حکومت پائیدار بنیادوں پر معاشی استحکام جاری رکھنا چاہتی ہے۔