سانحہ چکوال،ہانیہ عدیل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی
ہانیہ کی موت جسم میں متعدد گولیاں لگنے، شدید زخموں اور زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی
چکوال میں سی سی ڈی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی 9 سالہ بچی ہانیہ عدیل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بچی کے جسم پر گولیوں اور زخموں کے مجموعی طور پر 11 نشانات موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق ہانیہ کی موت جسم میں متعدد گولیاں لگنے، شدید زخموں اور زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد شدید صدمے اور خون کے ضیاع کے باعث دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کر دیا، جس سے موت واقع ہوئی۔
میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک گولی کا دھاتی ٹکڑا بھی جسم سے برآمد ہوا ہے، جسے مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے باعث دائیں ران کی ہڈی ٹوٹ گئی جبکہ دایاں پھیپھڑا، جگر، بڑی اور چھوٹی آنتیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق بچی کے جسم پر دائیں چھاتی، پیٹ، ران اور بائیں کہنی پر گہرے زخم موجود تھے اور تمام زخم اس وقت لگے جب بچی زندہ تھی۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ زخم انتہائی شدید تھے اور موت تقریباً فوری طور پر واقع ہوئی۔
ہسپتال انتظامیہ نے تمام شواہد، خون آلود کپڑے اور ایکسرے فلمیں سیل کر کے پولیس کے حوالے کر دی ہیں تاکہ تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔